جبری شادی
جبری شادی
شادی کے قانون سے اخذ کردہ:
- 18 سال سے زیادہ عمر کے سب لوگ، جو پہلے سے شادی شدہ نہیں ہیں، اور جو ناروے میں قانونی اقامت رکھتے ہیں، یہاں شادی کر سکتے ہیں۔
- تمام شادیوں کا آزادانہ مرضی سے ہونا ضروری ہے۔ عورتیں اور مرد اپنا ازدواجی ساتھی خود آزادانہ چننے کا برابر حق رکھتے ہیں۔ نارویجن مجموعۂ تعزیرات قرار دیتا ہے کہ تشدّد، آزادی غصب کرنے، دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے کسی کو شادی پر مجبور کرنے والے شخص کو چھ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس جرم میں اعانت کی سزا بھی یہی ہے۔
- مخالف صنفوں کے دو افراد یا ایک ہی صنف کے دو افراد آپس میں شادی کر سکتے ہیں۔
ازدواجی ساتھی ڈھونڈنا
محبّت کی شادی: شادی کرنے والے دو افراد خود ایک دوسرے کو تلاش کرتے ہیں اور شادی کا فیصلہ کرتے ہیں۔
ارینجڈ شادی: والدین یا خاندان کے افراد اپنے بچوں کے لیے ازدواجی ساتھی تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بچے والدین کا انتخاب قبول کرتے ہیں۔
جبری شادی: والدین اپنے بچوں کے لیے ازدواجی ساتھی تلاش کرتے ہیں اور کسی نہ کسی حد تک بچوں پر شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں۔ ناروے میں کسی کو شادی کے لیے مجبور کرنا ممنوع ہے۔ کسی کو شادی کے لیے مجبور کرنے والے یا دباؤ ڈالنے والے شخص کو چھ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ جبری شادی نارویجن قانون کی رو سے غیر قانونی بھی ہے۔ لہذا جس شخص کو شادی کرنے کے لیے جبر یا دباؤ کا نشانہ بنایا گيا ہو، وہ نارویجن عدالت سے رجوع کر کے شادی کو قانوناً منسوخ کروا سکتا ہے۔ اگر شادی کو منسوخ کروانا ہو تو شادی کرنے کے بعد زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے اندر یہ قدم اٹھانا ضروری ہے۔
آپس میں بات کریں
- کیا شادی کی تینوں قسموں کے درمیان واضح حدود ہیں؟
- کیا مختلف لوگوں کے نزدیک جبر کا مطلب مختلف ہو سکتا ہے؟
مینا کی عمر 18 سال ہے۔ وہ 10 سال کی عمر میں اپنے والدین کے ساتھ ناروے آئی تھی۔ وہ حال ہی میں اپر سیکنڈری سکول سے فارغ ہوئی ہے اور یونیورسٹی کی تعلیم شروع کرنے کے خیال سے خوش ہے۔ اس نے کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی اعلی' تعلیم میں داخلے کی درخواست دی ہے اور وہ شوق سے یہ دیکھنے کی منتظر ہے کہ آيا اسے داخلہ ملتا ہے۔
مستقبل میں کسی وقت وہ شادی کرنا اور ماں بننا چاہے گی۔ ظاہر ہے، وہ یہ فیصلے خود کرنا چاہتی ہے کہ وہ کب شادی کرے گی اور کس سے شادی کرے گی۔ لیکن اس کے والدین نے شادی کا بہت ذکر کرنا شروع کر دیا ہے۔ وہ اپنے وطن میں کسی رشتہ دار کا ذکر کرتے ہیں جو مینا کے لیے بالکل مناسب رہے گا۔ مینا رات کو ٹھیک سو نہیں پاتی۔ وہ والدین کی خواہشات کا احترام کرتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی وہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنا چاہتی ہے۔
- مینا کی صورتحال پر آپس میں بات کریں۔
- اس کے والدین کیسے سوچتے ہیں؟
- اس خاندان کے لیے بہترین حل کیا ہو گا؟
درست جواب چنیں
ناروے میں انسان کو کس عمر سے شادی کی اجازت ہوتی ہے؟
درست جواب چنیں
کون لوگ آپس میں شادی کر سکتے ہیں؟
درست جواب چنیں
کس قسم کی شادی کی خاصیت یہ ہے کہ خاندان اپنے بچوں کا ازدواجی ساتھی تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟