فطرت اور ماحول کا تحفظ
فطرت اور ماحول کا تحفظ
فطرت اور ماحول کے تحفظ کا مطلب یہ ہے کہ فطرت اور انواع حیات کے نظاموں کو سلامت رکھنے کے لیے کام کیا جائے۔ اس کا تعلق فطرت میں تبدیلیوں کو محدود رکھنے اور ان نقصانات کی اصلاح اور مرمّت سے بھی ہے جو انسانوں نے فطرت کو پہنچائے ہیں۔ فطرت اور ماحول کے تحفظ سے یہ یقینی ہو گا کہ انسانوں، جانوروں اور پودوں کو زندگی کا اچھا ماحول میسّر ہو گا، آنے والے زمانوں میں بھی۔
دوبارہ استعمال اور ری سائیکلنگ
دوبارہ استعمال کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں مختلف وجوہ سے جن چیزوں کی اب ضرورت نہ ہو، انہیں دوسرے لوگ استعمال کر لیں۔ ری سائیکلنگ کا مطلب یہ ہے کہ چیزوں کو کھول کر کے خام میٹریل الگ کر لیا جائے اور ان چیزوں کو نئے سرے سے بنا لیا جائے یا انہیں پگھلا کر نئی چیزیں بنا لی جائیں۔ حالیہ سالوں میں دوبارہ استعمال بہت مقبول ہو چکا ہے۔ بہت سے لوگ چیزیں خریدنے اور استعمال کے بعد چیزیں پھینک دینے کی ذہنیت کے حوالے سے زیادہ باشعور طرز عمل اپنانا چاہتے ہیں اور استعمال شدہ کپڑے، فرنیچر اور دوسری چیزیں لینے کا انتخاب کرتے ہیں۔
کوڑے کی چھانٹی
ناروے کا ہر باشندہ ہر سال کئی سو کلو گرام کوڑا کرکٹ پھینکتا ہے۔ بہت سی بلدیات میں لوگ اپنے کوڑے میں سے مختلف قسموں کی چیزیں الگ چھانٹتے ہیں۔ اسے کوڑے کی چھانٹی (kildesortering) کہتے ہیں۔ کچھ چیزوں کو ہم گھر میں چھانٹ کر کوڑے میں ڈال سکتے ہیں اور کچھ چیزیں ری سائیکلنگ کے خاص مقامات تک پہنچائی جاتی ہیں۔ ان مقامات پر مختلف قسموں کا کوڑا ری سائيکل کرنے کے لیے مخصوص کنٹینر ہوتے ہیں۔ بہت سی بلدیات میں بڑے بڑے ری سائیکلنگ سٹیشن بھی ہیں جہاں ہم وہ بڑی چیزیں پہنچا سکتے ہیں جنہیں ہم پھینکنا چاہتے ہوں جیسے فرنیچر، واشنگ مشین، باغیچے کا کوڑا اور پینٹ کے ڈبے۔
خوراک کا ضیاع
خوراک کا ضیاع (matsvinn) اسے کہتے ہیں کہ کھانے کے قابل خوراک کو پھینک دیا جائے یا اسے انسانی خوراک کی بجائے کسی اور مقصد کے لیے استعمال کیا جائے۔ عالمی سطح پر پیدا کی جانے والی خوراک کا ایک تہائی حصہ پھینک دیا جاتا ہے۔ ناروے میں ہم ہر سال 4 لاکھ ٹن سے زیادہ کھانے کے قابل خوراک پھینکتے ہیں۔ خوراک کی انڈسٹری، سودا سلف کی دکانوں، ریستورانوں اور خوراک فروخت کرنے والے دوسرے مقامات کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی خوراک پھینکی جاتی ہے۔ ہر سال دنیا بھر میں اتنی زیادہ خوراک پھینکی جاتی ہے جس سے دنیا کے سب بھوکے انسانوں کی ضرورت پوری ہو سکتی تھی۔
گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج
ناروے میں، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں باقاعدہ کمی ہو رہی ہے۔ سب سے زیادہ اخراج تیل اور گیس نکالنے، صنعت اور کان کنی، اور سڑک کی آمد و رفت سے آتا ہے۔
2024 میں، پہلی بار، ناروے میں رجسٹرڈ پیٹرول گاڑیوں سے زیادہ الیکٹرک گاڑیاں تھیں۔ مقصد یہ ہے کہ فروخت ہونے والی تقریباً تمام نئی گاڑیاں صفر اخراج والی گاڑیاں ہوں۔ صفر اخراج والی گاڑی گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج نہیں کرتی ہے۔ ایک اور مقصد یہ ہے کہ بڑے شہروں میں مسافروں کی نقل و حمل میں کسی بھی اضافے کو عوامی نقل و حمل، سائیکلنگ یا پیدل چلنے سے پورا کیا جانا چاہیے۔ لہٰذا اگر آبادی بڑھ بھی جائے، گاڑیوں کی آمدورفت میں اسی طرح اضافہ نہیں ہونا چاہئے۔
آپس میں بات کریں
- فطرت اور ماحول کے تحفظ کے لیے ہم میں سے ہر فرد کیا کر سکتا ہے؟
- دوبارہ استعمال اور ری سائیکلنگ کے بارے میں آپس میں بات کریں۔
- کیا آپ کبھی استعمال شدہ چیزیں خریدتے ہیں؟ کیوں خریدتے ہیں یا کیوں نہیں خریدتے؟
- کوڑے کی چھانٹی کے بارے میں آپس میں بات کریں۔ ہم کوڑا کیوں چھانٹتے ہیں؟ اگر ہم کوڑے کی چھانٹی نہ کریں تو کیا ہو گا؟
- خوراک کے ضیاع کے بارے میں آپس میں بات کریں۔ ہم اتنی زیادہ خوراک کیوں پھینکتے ہیں؟ کیا آپ خوراک پھینکتے ہیں؟ کیوں پھینکتے ہیں یا کیوں نہیں پھینکتے؟ خوراک پھینکنے میں کمی لانے کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں؟
- پرائیویٹ کار کے استعمال اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال پر بات کریں اور موازنہ کریں۔ کیا ناروے میں سب لوگوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنا برابر حد تک ممکن ہے؟ ایسا کیوں ہے یا ایسا کیوں نہیں ہے؟
درست جواب چنیں
دوبارہ استعمال کا کیا مطلب ہے؟
درست جواب چنیں
ناروے کا ہر باشندہ ہر سال کتنی چیزیں پھینکتا ہے؟
صحیح جواب کو منتخب کریں
ناروے میں سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا سبب کیا ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست تصویر چنیں
کونسی تصویریں یہ دکھا رہی ہیں کہ ہم روزمرّہ زندگی میں ماحول دوست کیسے بن سکتے ہیں؟ کئی جواب ممکن ہیں۔