ناروے میں زندگی
وڈیو دیکھیں
شیرخواری کا زمانہ
- آپ اپنے وطن میں ایک شخص کی زندگی اور ناروے میں ایک نارویجن کی زندگی میں کونسی چیزیں مشترک اور کونسی چیزیں مختلف پاتے ہیں؟
- ناروے میں رہنے کی وجہ سے آپ کی زندگی پر کیا اثرات پڑیں گے؟ کیا بدل جانے کا امکان ہے؟
ظاہر ہے کہ ناروے میں لوگوں کی زںدگیاں مختلف ہیں۔ کوئی دو انسان بالکل ایک جیسے نہیں ہوتے۔ پھر بھی ہم اپنے ملک کے اکثر لوگوں کی زندگی کے بارے میں کچھ چیزیں بتا سکتے ہیں۔
- ناروے میں ہر سال 50 ہزار سے کچھ زیادہ بچے پیدا ہوتے ہیں اور فی عورت بچوں کی اوسط شرح 1.4 ہے (2023 میں)۔
- پہلے بچے کی پیدائش کے وقت نارویجن عورتوں کی اوسط عمر تقریباً تیس سال ہوتی ہے۔
- ناروے میں لڑکوں کا ختنہ عام نہیں ہے۔ لڑکیوں کا ختنہ بہرصورت سختی سے منع ہے۔ اس طرح کا عمل انجام دینے یا اس میں اعانت کرنے کی سزا 15 سال تک ہے۔ ایسا کرنے والوں کو ناروے سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔
- جب ماں اور باپ دونوں تنخواہ دلانے والا کام کرتے ہوں تو بچے کی پیدائش پر ان دونوں کو ملا کر والدین کے لیے ادائیگی کے ساتھ 61 ہفتوں تک کی رخصت کا حق حاصل ہوتا ہے (1.7.2024)۔ آپ کو Nav کی ویب سائیٹ پر والدین کے لیے ادائیگی کے متعلق معلومات ملیں گی۔
بارنے ہاگے، چھوٹے بچوں کے لیے نقد مدد اور بچوں کا وظیفہ
بچوں کو بارنے ہاگے بھیجنے کے لیے والدین فیس ادا کرتے ہیں۔ جن والدین کے ایک اور دو سال عمر کے بچے بارنے ہاگے نہیں جاتے، انہیں نقد مدد ملتی ہے۔ والدین کو بچوں کے 18 سال کا ہو جانے تک سب بچوں کے لیے وظیفہ بھی ملتا ہے۔
انٹرنیٹ
آپس میں بات کریں
- ناروے میں بہت سے بچے بارنے ہاگے کیوں جاتے ہیں؟
- بارنے ہاگے اور زبان کی نشوونما پر بات چیت کریں۔
- چھوٹے بچوں والے خاندانوں کو نقد مدد اور بچوں کا وظیفہ کیوں ملتا ہے؟
سکول کی عمر اور نوجوانی
پرائمری اور ہائی سکول کو پرائمری درجے (جماعت 1 تا 7) اور ہائی سکول (جماعت 8 تا 10) میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ پہلی سے چوتھی جماعت کے بچوں کی 70٪ سے زیادہ تعداد سکول کے اوقات سے پہلے اور بعد میں سکول میں دیکھ بھال کی سروس (skolefritidsordning, SFO) میں جاتی ہے (2023/2024)۔ سکول میں پڑھائی کے اوقات کے علاوہ دیکھ بھال کی سروس لینا لوگوں کی مرضی پر منحصر ہے۔ سکول مفت ہے لیکن عام اصول کے طور پر والدین بچوں کو سکول میں دیکھ بھال کی سروس دلانے کے لیے فیس ادا کرتے ہیں۔
ناروے میں بہت سے بچے فرصت کی کسی منظّم سرگرمی یا کئی منظّم سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ بہت سی سرگرمیوں کو والدین مل کر رضاکارانہ طور پر چلاتے ہیں۔ والدین کو اس کام کے لیے تنخواہ نہیں ملتی۔
ہائی سکول کے بعد تقریباً سبھی نوجوان اپر سیکنڈری تعلیم میں داخلہ لیتے ہیں۔ تقریباً نصف طالبعلم جنرل سٹڈیز تعلیمی پروگرام چنتے ہیں اور باقی نصف پیشہ ورانہ تعلیمی پروگرام چنتے ہیں۔ اپر سیکنڈری تعلیم میں داخل تقریباً 80٪ نوجوان تعلیم مکمل کرتے ہیں۔
ناروے میں انسان 18 سال کی عمر میں قانوناً بالغ ہو جاتا ہے۔ اس عمر سے انسان خود اپنے فیصلے کرنے کا حق رکھتا ہے۔ قانوناً بالغ شخص کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہوتا ہے اور وہ ڈرائیونگ لائسنس لے سکتا ہے۔ 20 سال کی عمر کے آس پاس اکثر نوجوان یونیورسٹی یا یونیورسٹی کالج کی پڑھائی یا ملازمت کے لیے اپنے گھروں سے باہر منتقل ہو جاتے ہیں۔ اعلی' تعلیم حاصل کرنے والے اکثروبیشتر لوگ تعلیمی قرض لینے کے ساتھ ساتھ ملازمت کر کے اپنے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ تعلیم مکمل ہونے پر بہت سے لوگوں کا تعلیمی قرض تین لاکھ کرونر سے زیادہ ہوتا ہے۔
آپس میں بات کریں
- سکول میں پڑھائی کے اوقات کے علاوہ دیکھ بھال کی سروس کے کیا فوائد ہیں؟
- آپ اور آپ کے خاندان کے لیے ناروے میں فرصت کی کونسی منظّم سرگرمیوں میں حصہ لینے کا امکان ہے؟
- قانوناً بالغ ہونے کا کیا مطلب ہے؟
- آپ کو جن دوسرے ملکوں کا علم ہے، وہاں قانوناً بالغ ہونے کی عمر کیا ہے؟
- تعلیمی قرضہ جات کی سکیم کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
بالغ زندگی اور ریٹائرمنٹ کا زمانہ
ناروے میں مردوں اور عورتوں دونوں کے سلسلے میں پہلی شادی کی اوسط عمر پینتیس اور چالیس سال کے درمیان ہے۔ اکثر لوگ شادی کرنے سے پہلے کچھ عرصہ اکٹھے رہ چکے ہوتے ہیں۔
مردوں اور عورتوں دونوں کا گھر سے باہر کام کرنا عام ہے اور مردوں اور عورتوں کا گھریلو کام بانٹ کر کرنا بھی عام ہے۔ پھر بھی مردوں کی نسبت عورتیں فی ہفتہ گھریلو کاموں کے لیے خاصے زیادہ گھنٹے دیتی ہیں۔ گھر اور گاڑی خریدنے کے لیے بینک سے قرض لینا عام ہے۔ بچوں والے ایک عام خاندان کا گھر کا قرض اوسطًا 20 لاکھ کرونر سے زیادہ ہوتا ہے۔"
ناروے میں مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر 67 سال ہے۔ کئی لوگوں کے لیے اس عمر سے پہلے ریٹائرمنٹ لینا ممکن ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگ 70 سال کی عمر تک کام کرتے رہنے کا انتخاب کرتے ہیں۔ پنشن سے مراد وہ رقم ہے جو انسان کو ریٹائرمنٹ کے زمانے میں ملتی ہے۔ دوران ملازمت ایک شخص کو ملنے والی تنخواہ کی بنیاد پر طے ہوتا ہے کہ اسے کتنی پنشن ملے گی۔ جو لوگ تنخواہ دلانے والا کام نہ کرتے رہے ہوں مثلاً گھریلو خواتین، انہیں بھی 67 سال عمر ہو جانے پر پنشن ملتی ہے۔
ناروے میں بہت سے معمّر افراد مصروف زندگی گزارتے ہیں۔ وہ مختلف تنظیموں میں شامل ہوتے ہیں اور بہت سا وقت اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ گزارتے ہیں۔ معمّر افراد کے مالی حالات اکثر خاصے اچھے ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگ اپنا قرض ادا کر چکے ہوتے ہیں اور ان پر بچوں کی کفالت کی ذمہ داری نہیں رہتی۔
ریٹائرمنٹ کی عمر میں اکثر و بیشتر لوگ بلدیہ کی مدد کے بغیر اپنے گھر میں خود ٹھیک ٹھاک رہ سکتے ہیں۔ ریٹائرڈ افراد کی ایک قلیل تعداد کو گھر میں صحت کی خدمات اور/یا روزمرّہ کاموں کے لیے مدد ملتی ہے۔
ناروے میں فوت ہونے والے اکثر لوگوں کو اب بھی قبرستانوں میں دفنایا جاتا ہے لیکن کریمیشن (میّت سوزی) کروانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ کچھ قبرستانوں میں مختلف مذاہب کے مرحومین کے لیے الگ حصے مہیا ہیں۔ اگر کسی مرحوم شخص کی بیوی یا شوہر اور بچے ہوں تو انہیں اس کی وراثت ملتی ہے۔ مردوں اور عورتوں کا حقˏ وراثت برابر ہے۔ وراثت کے اصول مقرر ہیں۔ اپنے ترکے میں سے کچھ حصے کے لیے الگ سے وصیت لکھنا بھی ممکن ہے۔
آپس میں بات کریں
- تنخواہ اور پنشن کے آپس کے تعلق پر بات چیت کریں۔
- آپ جن دوسرے ممالک سے واقف ہیں، ان کے مقابلے میں ناروے میں ریٹائرمنٹ کا زمانہ کیسا ہوتا ہے؟
- اس بارے میں آپ لوگوں کی کیا رائے ہے کہ کچھ قبرستانوں میں مختلف مذاہب کے لوگوں کے لیے الگ حصے مہیا ہیں؟
درست جواب چنیں
ناروے میں ہر سال کتنے بچے پیدا ہوتے ہیں؟
درست جواب چنیں
پہلے بچے کی پیدائش کے وقت نارویجن عورتوں کی اوسط عمر کتنی ہوتی ہے؟
درست جواب چنیں
ناروے میں ریٹائرمنٹ کی عمر کیا ہے؟
درست جواب چنیں
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
تصویر پر کلک کریں
تصویر میں درست شخص پر کلک کریں۔ ناروے میں انسان کے قانوناً بالغ ہونے کی عمر کیا ہے؟