جمہوری حقوق اور فرائض
جمہوری حقوق اور فرائض
ایک جمہوریت میں رہنے والے لوگ آزادیاں بھی رکھتے ہیں اور ذمہ داریاں بھی، حقوق بھی رکھتے ہیں اور فرائض بھی۔ پہلے ہم اہم حقوق پر نظر ڈالتے ہیں۔
انسانی حقوق
اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ 1948 میں منظور ہوا اور یہ دنیا بھر کے سب انسانوں کے لیے ہے۔
برابری
عمر، نسل، معذوری، صنف، مذہب اور جنسی رجحان سے قطع نظر سب انسانوں کو برابر حقوق اور مواقع حاصل ہوں گے۔
آزادئ اظہار
آزادئ اظہار کا مطلب یہ ہے کہ لوگ سیاست اور مذہب سمیت دوسرے معاملات پر اپنی رائے آزادانہ ظاہر کر سکتے ہیں، لوگ آزادانہ دوسروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کر سکتے ہیں اور لوگ سزا کا سامنا کیے بغیر آزادانہ اپنے خیالات لکھ سکتے ہیں۔ ہمارے کچھ قوانین آزادئ اظہار کی حدود قائم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر نسلی تعصّب ظاہر کرنے والے اور دوسرے نفرت انگیز بیانات کی اجازت نہیں ہے، نہ تو زبانی طور پر اور نہ تحریری طور پر۔ آزادئ اظہار افراد کو نجی حیثیت میں بھی حاصل ہے اور یہ ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات کو بھی حاصل ہے۔
ووٹ کا حق
ایک جمہوریت میں ملکی باشندوں کو سیاسی انتخابات میں ووٹ دینے کا حق ہوتا ہے۔ ناروے میں اس وقت لوگ 18 سال کی عمر سے ووٹ دے سکتے ہیں۔ انتخابات رازدارانہ ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دوسرے لوگوں کو علم نہیں ہوتا کہ ایک شخص نے کسے ووٹ دیا ہے۔ نارویجن پارلیمنٹ کے انتخابات میں ووٹ دینے کے لیے انسان کا نارویجن شہری ہونا ضروری ہے۔ کاؤنٹی کاؤنسل اور میونسپل کاؤنسل کے انتخابات میں ووٹ دینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ انتخابات سے پہلے تین سال ناروے میں رہ چکے ہوں۔
قانون کا تحفظ
قانون کے تحفظ کا ایک مطلب یہ ہے کہ کسی شخص کو پہلے مقدمہ چلے بغیر قید کی سزا نہیں دی جا سکتی۔ ایک جمہوری ملک میں مقدمے کی کارروائی یوں ہوتی ہے کہ خودمختار جج فیصلہ کرتے ہیں کہ آیا ملزم قصوروار ہے یا نہیں، اور اگر ملزم قصوروار قرار پائے تو خودمختار جج سزا کا فیصلہ کرتے ہیں۔ تمام ملزموں کو اپنی صفائی پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔
مذہب اور عقیدے کی آزادی
مذہب اور عقیدے کی آزادی کا مطلب یہ ہے کہ انسان یہ چننے کے لیے آزاد ہیں کہ وہ کس مذہب یا کس نظریۂ حیات سے وابستہ رہنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے مذہب یا نظریۂ حیات پر آزادانہ عمل کر سکتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں کسی کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ دوسروں پر کسی مذہبی گروہ یا جماعت میں شامل ہونے کے لیے یا اسے چھوڑنے کے لیے زبردستی کرے۔ کسی کو اس کی مذہبی وابستگی کی وجہ سے ستایا نہیں جائے گا اور نہ ہی سزا دی جائے گی۔ 15 سال کی عمر سے لوگ خود مذہبی جماعتوں یا نظریۂ حیات کی تنظیموں میں شامل ہونے یا انہیں چھوڑنے کا حق رکھتے ہیں، خواہ دوسروں کی رائے کچھ بھی ہو۔ سب لوگوں کی مذہب/نظریۂ حیات چننے کی آزادی جتنا ہی اہم یہ ہے کہ ہم سب کو کسی مذہب یا نظریۂ حیات سے وابستہ نہ رہنے کی بھی آزادی ہے۔
آزادئ تنظیم
آزادئ تنظیم کے بہت سے معانی ہیں۔ کچھ اہم ترین معانی یہ ہیں:
- لوگوں کو سیاسی پارٹیوں یا بعض مقاصد کی خاطر کام کرنے والی تنظیموں کا رکن بننے کا حق حاصل ہے، بغیر اس کے کہ انہیں ستایا جائے یا سزا دی جائے۔
- لوگوں کو اجیروں کی تنظیموں کا رکن بننے کا حق حاصل ہے، بغیر اس کے کہ انہیں ستایا جائے یا سزا دی جائے۔ بعض حالات میں لوگوں کو ہڑتال کا حق بھی حاصل ہے۔
- لوگوں کو قانونی مظاہروں کے ذریعے اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے۔
ذمہ داریاں اور فرائض
جیسا کہ ہم دیکھتے ہیں، جمہوریت میں لوگ بہت سے حقوق رکھتے ہیں۔ آزادیوں اور حقوق کے ساتھ ذمہ داریاں اور فرائض بھی وابستہ ہوتے ہیں۔ ہم ان قوانین اور اصولوں کی تعمیل کے پابند ہیں جو اکثریت نے بنائے ہیں۔ ہمارا حق ہے کہ ہم معاشرے میں جن چیزوں کو پسند نہ کرتے ہوں، ہم انہیں بدلنے کی کوشش کریں لیکن ہمیں جمہوری اصولوں کے مطابق چلنا ہوتا ہے۔ نارویجن معاشرے کی بنیاد بڑی حد تک دوطرفہ بھروسے پر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حکام بھروسا کرتے ہیں کہ ملکی باشندے درست معلومات فراہم کریں اور قوانین اور اصولوں کی پابندی کریں، اور ملکی باشندے بھروسا کرتے ہیں کہ پولیس اور ادارہ تحفظ بچگان جیسے ادارے ان کے ساتھ درست سلوک کریں۔
جمہوریت کے لیے کیا خطرہ ہو سکتا ہے؟
یہ عوامل جمہوریت کے لیے خطرہ ہو سکتے ہیں:
انتخابات میں کم لوگوں کا ووٹ دینا۔
سیاستدانوں پر بھروسے میں کمی۔
جھوٹی خبریں اور نفرت انگیز باتیں جو کھلے معاشرتی مباحثے کو روک دیتی ہیں۔
اہم قومی بحرانات جن کی وجہ سے جمہوری عمل کو چھوڑنا پڑے۔
کئی ممالک کے لیے اطلاق پانے والے قوانین اور ضوابط جنہیں ایک ملک کے جمہوری طور پر منظور کردہ قوانین پر فوقیت حاصل ہو۔
آپس میں بات کریں
- ایک جمہوری ملک میں رہنا کیسا ہوتا ہے؟
- ایک غیر جمہوری ملک میں رہنا کیسا ہوتا ہے؟
- اس بارے میں بات کریں کہ آپ لوگوں کے خیال میں ایک جمہوریت میں مہیا حقوق کے ساتھ کونسے فرائض وابستہ ہیں۔
- آپ پہلے سے کن جمہوری حقوق اور فرائض سے واقف ہیں؟
- اس بارے میں بات چیت کریں کہ انتخابات میں کم لوگوں کا ووٹ دینا اور سیاستدانوں پر لوگوں کا بھروسا کم ہونا جمہوریت کے لیے خطرہ کیوں ہے؟
- بھروسا نارویجن معاشرے کی ایک اہم خاصیت کیسے ہے؟ کیا آپ لوگ کچھ مثالیں دے سکتے ہیں کہ بھروسے کا اظہار کیسے ہوتا ہے؟
درست جواب چنیں
کیا ناروے میں ہمیں مکمل آزادئ اظہار حاصل ہے؟
درست جواب چنیں
ناروے میں لوگ کس عمر سے ووٹ دے سکتے ہیں؟
درست جواب چنیں
کس کو اپنے اوپر جرم کا الزام لگنے کی صورت میں اپنی صفائی پیش کرنے کا حق حاصل ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟