فطرت اور قدرتی وسائل
وڈیو دیکھیں
فطرت اور قدرتی وسائل
پچھلے سو سالوں میں ناروے دنیا کے امیر ترین ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ اس دولت کی بنیاد ہمارے قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے پر اور ناروے کے لوگوں کے ان وسائل کو استعمال کرنے کے طریقے پر ہے۔ ناروے کے اہم ترین قدرتی وسائل مچھلی، جنگلات اور تیل ہیں۔ اس کے علاوہ دریاؤں اور آبشاروں میں پانی کی فراوانی ہے جو بجلی بنانے کے کام آتا ہے۔ گزشتہ سالوں میں ہوائی چکیوں سے بجلی بنانے کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔
ناروے میں پہلی بار 1960 کی دہائی کے اواخر میں بحیرۂ شمالی میں تیل دریافت ہوا۔ تیل نارویجن معیشت کے لیے بہت اہم رہا ہے۔
ناروے قدرتی وسائل سے بننے والی بہت سی چیزیں برآمد کرتا ہے۔ دھاتیں اور بالخصوص المونیئم ہماری بڑی برآمدات میں شامل ہے۔ دھاتوں کی صنعت کے لیے زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے اور آبی توانائی کی وجہ سے ہمارے لیے بھاری مقدار میں دھاتیں بنانا ممکن رہا ہے۔ مچھلی بھی ناروے کا اہم قدرتی وسیلہ ہے۔ ہم بہت سے ممالک کو مچھلی برآمد کرتے ہیں اور یہ برآمد سال بسال بڑھتی جا رہی ہے۔ ناروے میں جنگلات کی کثرت ہے۔ کچھ لکڑی کو مزید پراسیس کیا جاتا ہے۔ لکڑی سے بننے والی چیزوں میں کاغذ اور تعمیراتی سامان شامل ہیں۔ کچھ لکڑی برآمد بھی کی جاتی ہے۔
فطرت اور کھلی فضا میں سرگرمیاں
فطرت بذات خود بھی ایک وسیلہ ہے۔ دنیا بھر سے سیّاح ہماری فیورڈز اور آدھی رات کا سورج دیکھنے آتے ہیں۔ ناروے میں رہنے والے بہت سے لوگ سکون اور نئی توانائی حاصل کرنے کے لیے فطری ماحول میں جانا پسند کرتے ہیں۔ چاہے ہم ناروے کے کسی بھی حصے میں رہتے ہوں، فطرت ہمارے بالکل آس پاس ہوتی ہے اور سب لوگ جہاں چاہیں، جا سکتے ہیں۔ اسے فطرت کے استعمال کا اجتماعی حق (allemannsretten) کہا جاتا ہے۔ ہم بے آباد جگہوں (utmark) (ساحل، نم نشیبی زمینوں کے سبزے، جنگلات اور پہاڑوں) میں ہر جگہ پیدل چل سکتے ہیں، سکی کر سکتے ہیں اور ٹھکانا بنا سکتے ہیں۔ ہم کھلے آسمان تلے رات گزار سکتے ہیں یا خیمہ لگا سکتے ہیں لیکن مکانات یا ہٹس سے 150 میٹر فاصلہ رکھنا ضروری ہے۔ اگر ہم ایک ہی جگہ پر اڑتالیس گھنٹوں سے زیادہ وقت گزارنا چاہیں تو زمین کے مالک سے اجازت لینا ضروری ہے۔
جب ہم فطرت کے استعمال کے حق سے فائدہ اٹھائیں تو ہمارے کچھ فرائض بھی ہیں۔ جانوروں یا فطرت کو نقصان پہنچانا منع ہے۔ ہم واپس جانے سے پہلے صفائی کرنے کے پابند ہیں اور کوڑا چھوڑ کر جانا منع ہے۔ آگ جلانے کے سلسلے میں محتاط رہنا بھی ضروری ہے۔ 15 اپریل سے 15 ستمبر تک جنگل میں یا جنگل کے قریب الاؤ جلانا ممنوع ہے۔ ہم ایک دفعہ استعمال ہونے والی باربی کیو استعمال کر سکتے ہیں لیکن محتاط رہنا ضروری ہے۔
اکثر جگہوں پر بیریاں، کھمبیاں اور پھول توڑنے کی اجازت ہے۔ بہت سے نارویجن فارغ وقت میں مچھلی پکڑنے یا شکار کے لیے جاتے ہیں۔ دریاؤں اور جھیلوں میں مچھلی پکڑنے کے لیے بالعموم فشنگ لائسنس خریدنا پڑتا ہے۔
آپس میں بات کریں
- آپ کے وطن میں کونسے قدرتی وسائل پائے جاتے ہیں اور انہیں کیسے استعمال کیا جاتا ہے؟
- تیل کی پیداوار اور ہوا سے حاصل ہونے والی توانائی کے فوائد اور نقصانات بیان کریں۔
- فطرت کے استعمال کے اجتماعی حق کے متعلق بات کریں۔ آپ جن ممالک سے واقف ہیں، کیا وہاں اس سے ملتا جلتا کوئی قانون ہے؟
درست جواب چنیں
ناروے کی بڑی برآمدات کونسی ہیں؟
درست جواب چنیں
اس حق کو کیا کہتے ہیں کہ ہم فطری ماحول میں جہاں چاہیں، جا سکتے ہیں؟
درست جواب چنیں
فطرت میں گھومنے پھرنے کے سلسلے میں ہماری کیا ذمہ داریاں ہیں؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
تصویر پر کلک کریں
تصویر میں درست جگہ پر کلک کریں۔ ہم 15 اپریل سے 15 ستمبر کے درمیانی عرصے میں جنگل میں یا جنگل کے قریب کیا نہیں کر سکتے؟