فیملی پلاننگ، حمل اور بچوں کی خبرگیری
فیملی پلاننگ
فیملی پلاننگ
ناروے میں سیاستدان یہ تبادلۂ خیال کر رہے ہیں کہ وہ کس طرح جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔ کچھ دوسرے ممالک میں عورتوں کی صورتحال یہ ہو سکتی ہے کہ حکام کڑی پابندیاں لگا رہے ہوں کہ انہیں کتنے بچے پیدا کرنے کی اجازت ہے۔ اور کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں فی عورت بچوں کی اوسط تعداد 5 ہے۔
فیملی پلاننگ کا مطلب یہ ہے کہ جوڑے یہ منصوبہ بندی کر سکتے ہیں کہ ایک خاتون کب حاملہ ہو گی اور یہ کہ ان کے کتنے بچے ہوں گے۔ عملی طور پر فیملی پلاننگ کا مطلب یہ ہے کہ ارادے کے بغیر حمل سے بچا جائے۔ مختلف مانع حمل تدابیر یہ ممکن بناتی ہیں۔
کچھ عام مانع حمل تدابیر یہ ہیں:
- مانع حمل گولیاں (P-piller) ایسی گولیاں ہوتی ہیں جن میں ایسٹروجن اور گیسٹاجن/پروجیسٹرون نامی ہارمونز ہوتے ہیں۔ یہ گولیاں بیضے خارج ہونے کو روکتی ہیں۔
- مانع حمل امپلانٹ (P-stav) جلد کے نیچے داخل کی جانے والی ایک چھوٹی سی پلاسٹک کی راڈ ہے۔ اس میں گیسٹاجن ہارمون ہوتا ہے اور روزانہ اس میں سے ہارمون کی تھوڑی سی مقدار خارج ہوتی ہے۔ یہ ہارمون بیضے خارج ہونے کو روکتا ہے۔ امپلانٹ کو ڈاکٹر جسم میں داخل کرتا اور نکالتا ہے۔
- کوائل یا آئی یو ڈی (Spiral) کو ڈاکٹر خاتون کے رحم میں رکھتی ہے۔ یہ نطفے کے خلیات کی حرکت روکتی ہے اور اگر بیضہ بارآور ہو جائے تو کوائل اس بیضے کو رحم کی دیوار سے چپکنے سے روکتی ہے۔
- کنڈوم وہ واحد مانع حمل تدبیر ہے جو جنسی تعلق سے لگنے والی بیماریوں کے انفیکشن سے بچاتی ہے۔ یہ مردوں کے لیے واحد مانع حمل تدبیر بھی ہے۔ بلا ارادہ حمل ٹھہرنے سے بچاؤ کے مزید بہتر بندوبست کے لیے مشورہ دیا جاتا ہے کہ کنڈوم کے ساتھ نطفے کے خلیات ہلاک کرنے والی کریم بھی استعمال کی جائے۔ صرف نطفے کے خلیات ہلاک کرنے والی کریم کافی نہیں ہے۔
حمل کے معائنے اور ولادت
ناروے میں حاملہ خواتین کو حمل کے مفت معائنوں کا حق حاصل ہے۔ یہ معائنے ہیلتھ سٹیشن یا فیملی ڈاکٹر انجام دیتا ہے۔ یہ معائنے کروانا خواتین کی مرضی پر منحصر ہے۔ اس کا مقصد حمل کے دوران، ولادت کے وقت اور ولادت کے بعد ماں اور بچے کی صحت یقینی بنانا ہے۔ ناروے میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ حمل کے دوران آٹھ سے بارہ مرتبہ معائنہ کروایا جائے۔ اکثر خواتین ہسپتال میں بچے کو جنم دیتی ہیں اور یہ مفت ہے۔
صحت کا معائنہ اور ویکسینز
ناروے میں رہنے والے سب بچوں اور نوعمر افراد کو باقاعدہ وقفوں سے صحت کے معائنوں کی پیشکش ملتی ہے۔ شیر خواری سے لے کر سکول کے آغاز کی عمر تک بچوں کے یہ معائنے ہیلتھ سٹیشن میں ہوتے ہیں۔ جب بچے سکول جانا شروع کر دیں تو سکول ہیلتھ سروس ان معائنوں کے لیے ذمہ دار ہوتی ہے۔ اکثر بلدیات میں نوعمر افراد کے لیے ہیلتھ سٹیشن بھی ہیں۔ ناروے میں رہنے والے سب بچوں اور نوعمر افراد کو خطرناک بیماریوں کے خلاف ویکسینیشن کی پیشکش ملتی ہے۔ ویکسینز بیماریوں کے خلاف آسان، مؤثر اور بے ضرر طریقے سے تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ ہیلتھ سٹیشنوں اور سکول ہیلتھ سروس کی خدمات مفت ہیں۔
اگر بچہ بیمار ہو تو فیملی ڈاکٹر بچے کا معائنہ کرے گا اور ضرورت ہونے پر علاج کرے گا۔
اسقاط حمل
ناروے میں اسقاط حمل کے قانون (Abortloven) کے مطابق اگر حمل کے پہلے 12 ہفتوں کے اندر اندر اسقاط حمل کروانا ہو تو خواتین حمل گرانے کا فیصلہ خود کر سکتی ہیں۔ اس صورت میں خاتون ایک فارم مکمل کر کے اس پر دستخط کرتی ہے کہ وہ اسقاط حمل کروانا چاہتی ہے اور اسے اسقاط کے طبی پہلوؤں کے متعلق اور اسقاط کے علاوہ دوسرے راستوں کے متعلق مزید معلومات لینے کےموقع سے آگاہ کیا گيا ہے۔ اسقاط حمل کا قانون یہ بھی طے کرتا ہے کہ اگر کوئی خاتون حمل کے بارہویں ہفتے کے بعد اسقاط کروانا چاہے تو کیا ہو گا۔
آپس میں بات کریں
- آپ جن ممالک کا خوب علم رکھتے ہیں، وہاں لوگ فیملی پلاننگ کے متعلق کیا سوچ رکھتے ہیں؟ کیا مانع حمل تدابیر استعمال کرنا عام ہے؟
- حمل کے معائنوں کو اتنا اہم کیوں سمجھا جاتا ہے کہ یہ خواتین کے لیے مفت ہیں؟
- یہ کیوں اہم ہے کہ والدین ہیلتھ سٹیشنوں کی طرف سے پیش کی جانے والی خدمات قبول کریں؟
- اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے کہ ناروے میں اکثر بچوں کو کئی بیماریوں کے خلاف ویکسینز لگتی ہیں؟
- بچوں کا ویکسینیشن پروگرام مفت کیوں ہے؟
اس بیان کے متعلق آپس میں بات چیت کریں:
- اسقاط حمل کا قانون خواتین کے اپنے فیصلے خود کرنے کے حق اور پیٹ میں پلنے والے بچے کے قانونی تحفظ کے درمیان ایک سمجھوتا ہے۔
درست جواب چنیں
نارویجن خواتین اوسطاً کتنے بچوں کو جنم دیتی ہیں؟
درست جواب چنیں
فیملی پلاننگ کا کیا مطلب ہے؟ کئی جواب درست ہیں۔
درست جواب چنیں
ہیلتھ سٹیشن کا کام کیا ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں۔
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں۔
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟