ناروے میں جمہوریت
وڈیو دیکھیں
ناروے میں جمہوریت
مرکزی حکومت، کاؤنٹی میونسپلٹیاں اور بلدیات
- ناروے میں 15 ˏفلکر (کاؤنٹیاں) اور 356 کمیونر (بلدیات) ہیں (01.01.2024)۔
- کاؤنٹیاں اور بلدیات جغرافیائی علاقے بھی ہیں اور یہ سیاسی انتظامی اکائیاں بھی ہیں۔
- کاؤنٹی میونسپلٹیوں اور بلدیات کو کچھ معاملات میں خود فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے، اگرچہ بہت سے فیصلے مرکزی حکومت کرتی ہے۔
- مرکزی حکومت کاؤنٹی میونسپلٹیوں اور بلدیات کا دائرہ کار طے کرتی ہے۔
- مرکزی حکومت پورے ملک کے لیے فیصلے کرتی ہے جبکہ کاؤنٹی میونسپلٹی اور بلدیہ صرف مقامی سطح پر فیصلے کرتی ہیں۔
مرکزی حکومت جن امور کے لیے ذمہ دار ہے، ان میں سے کچھ یہ ہیں
- خارجہ پالیسی
- ہسپتال
- قوانین
- سکولوں کے نصاب
کاؤنٹی میونسپلٹیاں جن امور کے لیے ذمہ دار ہیں، ان میں سے کچھ یہ ہیں
- اپر سیکنڈری تعلیم
- کاؤنٹیوں کی سڑکیں
بلدیات جن امور کے لیے ذمہ دار ہیں، ان میں سے کچھ یہ ہیں
- پرائمری اور ہائی سکول
- بارنے ہاگر (چھوٹے بچوں کے نگہداشتی ادارے)
- معمّر افراد کی نگہداشت
- کوڑا اٹھانا، پانی اور سیوریج
- بلدیات کی سڑکیں
سیاسی اور انتظامی امور چلانا
مرکزی حکومت، کاؤنٹی میونسپلٹیوں اور بلدیات کا نظام عوام کے چنے ہوئے سیاستدان چلاتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سیاستدان مختلف امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں کہ مختلف معاملات میں کس پالیسی کا اطلاق ہو گا۔ لیکن اس پالیسی کو عملی جامہ بیوروکریٹس - یعنی مرکزی حکومت، کاؤنٹی میونسپلٹیوں اور بلدیات کے اہلکار - پہناتے ہیں۔
مثالیں:
- سیاستدان سکولوں کے نصاب منظور کرتے ہیں۔ اساتذہ ان نصابوں کے مطابق پڑھاتے ہیں۔
- سیاستدان سوشل مالی مدد کی ادائیگی کے اصول بناتے ہیں۔ Nav کے اہلکار ان اصولوں پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔
سٹورٹنگ
ناروے کی قومی پارلیمنٹ کو سٹورٹنگ کہتے ہیں۔ سٹورٹنگ کے کل 169 نمائندے ہیں جنہیں عوام چار سال کے لیے منتخب کرتے ہیں۔ سٹورٹنگ کے نمائندے مختلف سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ سٹورٹنگ ناروے کی اعلی ترین ریاستی طاقت ہے۔
سٹورٹنگ کے اہم ترین فرائض یہ ہیں
- نئے قوانین بنانا اور پرانے قوانین کو بدلنا
- قومی بجٹ منظور کرنا
- برسر اقتدار حکومت اور ریاستی نظم و نسق کو کنٹرول کرنا
- سیاسی معاملات اور اہم منصوبوں پر تبادلۂ خیال کرنا
ناروے میں جمہوریت شفاف ہے۔ وہ سب لوگ جو چاہیں، سٹورٹنگ میں آ سکتے ہیں اور سیاستدانوں کو مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کرتے سن سکتے ہیں۔ تاہم حاضرین کو سٹورٹنگ میں بولنے یا معاملات پر تبصرہ کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ بہت سے معاملات کو عوامی مشورے اور تبصرے کے لیے مشتہر کیا جاتا ہے۔ اس طرح متعلقہ شعبوں کے لوگ اور عوام ان پر اپنی رائے دے سکتے ہیں۔
برسر اقتدار حکومت
سٹورٹنگ کے انتخابات کے بعد ایک سیاسی جماعت یا کئی جماعتیں مل کر اقتدار حاصل کرنے والی نئی حکومت بناتی ہیں۔ حکومت وزراء (ہر وزارت کا سیاسی سربراہ وزیر کہلاتا ہے) اور وزیر اعظم پر مشتمل ہوتی ہے۔ حکومت کے فرائض میں نئے قوانین تجویز کرنا اور قوانین میں ترامیم تجویز کرنا شامل ہے تاہم قوانین اور قوانین میں ترامیم کی منظوری سٹورٹنگ دیتی ہے۔ برسر اقتدار حکومت یہ یقینی بنانے کی ذمہ دار ہے کہ سٹورٹنگ میں منظور کیے جانے والے معاملات کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ حکومت ہر سال قومی بجٹ بھی پیش کرتی ہے۔
کاؤنسل آف سٹیٹ
ہر جمعے کو برسر اقتدار حکومت بادشاہ کے ساتھ میٹنگ کرتی ہے۔ اس میٹنگ میں وزراء بادشاہ کو مختلف سیاسی معاملات سے مطلّع کرتے ہیں۔ اس میٹنگ کو کاؤنسل آف سٹیٹ (statsråd) کہا جاتا ہے۔ بادشاہ کو بہت کم سیاسی اختیار حاصل ہے لیکن پھر بھی یہ میٹنگیں اہم ہیں۔
تقسیم اختیارات کا اصول
تقسیم اختیارات کا اصول اختیار کو تین خود مختار طاقتوں میں تقسیم کرتا ہے:
- مقنّنہ - سٹورٹنگ - جو قوانین منظور کرتی ہے۔
- انتظامیہ - برسر اقتدار حکومت - جو قوانین تجویز کرتی ہے اور قانون کو عمل میں لانا یقینی بناتی ہے۔
- عدلیہ - عدالتیں - جو سٹورٹنگ کے منظور کیے ہوئے قوانین کے مطابق مقدمات کا فیصلہ سناتی ہیں۔
جب اختیار ان تین ریاستی طاقتوں میں تقسیم ہو تو ان میں سے کسی ایک کو تن تنہا بہت زیادہ اختیار حاصل نہیں ہوتا۔ اس طرح جمہوریت یقینی بنائی جاتی ہے۔
آپس میں بات کریں
- آپ جن ممالک سے واقف ہیں، وہاں حکومت چلانے والے اداروں کے بارے میں بات کریں۔
- اس بارے میں بات چیت کریں کہ ناروے میں اختیارات کس طرح تقسیم ہیں۔
- ایک فلاحی معاشرے میں مرکزی حکومت، کاؤنٹی میونسپلٹی اور بلدیہ کے فرائض پر بات چیت کریں۔
- آپ جس معاشرے میں رہتے ہیں، آپ اس پر کیسے اثر انداز ہو سکتے ہیں؟
- کیا آپ کے خیال میں قومی معاملات کی نسبت مقامی معاملات پر اثر انداز ہونا آسان ہے؟ یہ کیوں آسان ہے یا کیوں آسان نہیں ہے؟
درست جواب چنیں
مندرجہ ذیل میں سے کونسے معاملات مرکزی حکومت کی ذمہ داری کے تحت آتے ہیں؟
درست جواب چنیں
ناروے کی قومی پارلیمنٹ کو کیا کہتے ہیں؟
درست جواب چنیں
وزیر کیا ہوتا ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟