برابری اور برابر قدر
وڈیو دیکھیں
برابری اور برابر قدر
نارویجن معاشرے کی اہم ترین اقدار میں سے ایک انسانوں کی برابر قدر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ صنف، عمر، معذوری، تہذیبی پس منظر، نسلی ماخذ یا جنسی رجحان سے قطع نظر سب انسانوں کی قدروقیمت برابر سمجھتے ہیں۔ معاشرہ سب انسانوں کو ان کے اپنے امکانات کے لحاظ سے برابر مواقع دینے کے لیے کام کرتا ہے۔ اس کی مثالیں یہ ہیں کہ سکول مختلف معذوریاں رکھنے والے طالبعلموں کو خدمات فراہم کرتا ہے، تارکین وطن کو نارویجن سیکھنے کی پیشکش ملتی ہے اور ایک جیسے کام کی برابر تنخواہ کا اصول موجود ہے۔
1970 کی دہائی میں معاشرے میں خواتین کے حقوق اور تعلیم اور بالعموم دنیائے روزگار میں خواتین کے مواقع کی طرف توجہ بڑھتی گئی۔ تب سےدنیائے روزگار میں خواتین کی شرکت میں بہت اضافہ ہوا ہے اور آج ملازمت پیشہ خواتین کی تعداد مردوں کے تقریباً برابر ہے۔ تاہم اب بھی کچھ پیشے خاص خواتین کے پیشے اور کچھ پیشے خاص مردوں کے پیشے سمجھے جاتے ہیں، اور مردوں کی نسبت زیادہ خواتین جزوقتی کام کرتی ہیں۔ آج اعلی' تعلیم یافتہ خواتین اور مردوں کی تعداد تقریباً برابر ہے لیکن اکثر لوگ پھر بھی روایتی انداز میں اپنی تعلیم چنتے ہیں۔ خواتین اکثر نگہداشت اور تدریس کے شعبوں کی تعلیم حاصل کرتی ہیں اور مرد ٹیکنالوجی اور نیچرل سائنسز کی تعلیم۔ اگرچہ برسر روزگار لوگوں میں اب تقریباً نصف خواتین ہیں، اب بھی دنیائے روزگار میں ہر تین سربراہوں میں سے تقریباً دو مرد ہیں۔
گزشتہ دہائیوں میں ہم نے عوامی زندگی کے ساتھ ساتھ خاندان اور گھر میں بھی مردوں اور خواتین کے فرائض اور مقام کے متعلق سوچ میں تبدیلی آتے دیکھی ہے۔ آج اکثر خاندانوں، بالخصوص جوان جوڑوں میں گھر کے کاموں اور نگہداشتی فرائض کو بانٹ کر انجام دینا عام ہے مگر تحقیق کے مطابق مردوں کی نسبت خواتین گھریلو کاموں کو زیادہ وقت دیتی ہیں۔ یہ خود ہر خاندان کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اپنی زندگی اور اپنے فرائض کو کس طرح منظّم کرنا چاہتا ہے۔ پھر بھی ہم قوانین اور حقوق کے معاملے میں برابری اور برابر قدر کا نظریہ کارفرما دیکھتے ہیں۔ ناروے میں رہنے والے سب لوگ ان اصولوں پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ مثال کے طور پر برابری اور امتیازی سلوک کے قانون، شادی کے قانون اور قانونˏ وراثت میں یہ نظریہ نمایاں ہے۔
نارویجن مجموعۂ تعزیرات 2005 کے سیکشن 185 کو اکثر 'نسلی تعصّب کے خلاف پیراگراف' کہا جاتا ہے۔ قانون کا یہ پیراگراف انسانوں کی نسل، رنگت، نظریۂ حیات، مذہب، جنسی رجحان یا معذوری کے متعلق امتیازی یا نفرت انگیز بیانات کو ممنوع قرار دیتا ہے۔ یہ پیراگراف آزادئ اظہار کو محدود کرتا ہے۔ 'نسلی تعصّب کے خلاف پیراگراف' کا مقصد اقلیتوں کا تحفظ کرنا ہے۔
ماخذ: SSB
آپس میں بات کریں
- برابری کا تعلق صرف صنفی برابری سے ہی نہیں ہے۔ اس کا تعلق مختلف عمروں کے لوگوں، مختلف مالی استطاعت، مختلف قومیتوں اور نسلوں، معذوری کی مختلف سطحوں، مختلف مذہبی وابستگیوں، مختلف جنسی رجحانات رکھنے والوں کے درمیان برابری سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپس میں بات کریں کہ فرد اور معاشرے کے لیے اس کا کیا مطلب ہے۔
- اس کی کی وجہ ہو سکتی ہے کہ تارکین وطن والدین کے نوعمر بچے نسلی نارویجن والدین کے نوعمر بچوں کی نسبت اعلی' تعلیم زیادہ اکثر حاصل کرتے ہیں؟
- آپس میں بات کریں کہ آج کے ناروے میں مرد اور خواتین کیوں گھر سے باہر کام کرتے ہیں۔ آپ لوگ اس کے کیا فوائد اور نقصانات دیکھتے ہیں؟
- جب ماں اور باپ دونوں گھر سے باہر کام کرتے ہوں تو خاندان میں کیسا باہمی تعاون ہونا چاہیے؟
- مردوں کی نسبت خواتین کی زیادہ بڑی تعداد جزوقتی کام کرتی ہے۔ آپ لوگوں کے خیال میں ایسا کیوں ہے؟ اس سے خواتین اور خاندان کے لیے کونسے قلیل المدت اور طویل المدت نتائج ظاہر ہوتے ہیں؟
جملہ مکمل کریں
نارویجن معاشرے کی اہم ترین اقدار میں سے ایک قدر ۔۔۔
درست جواب چنیں
ناروے میں خواتین کے حقوق کی طرف توجہ کب بڑھنی شروع ہوئی؟
جملہ مکمل کریں
اگرچہ آج ملازمت پیشہ لوگوں میں تقریباً نصف تعداد خواتین کی ہے، پھر بھی ۔۔۔
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟