ایک نئے ملک میں منتقل ہونا
ایک نئے ملک میں منتقل ہونا
سبین: مجھے بہت خوشی ہے کہ ہم آخر ناروے پہنچ گئے ہیں۔ یہاں زندگی کتنی اچھی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اب مستقبل محفوظ ہے، ہمارے لیے بھی اور بـچوں کے لیے بھی۔
عمانیئل: اچھی زندگی، یہاں؟ میں ایک اجنبی ملک میں رہنے سے تھک گیا ہوں۔ سب کچھ اتنا مشکل ہے۔ کچھ بھی تو ٹھیک نہیں ہو رہا۔ میرے پاس نوکری نہیں ہے، مجھے زبان سمجھ نہیں آتی اور مجھے ہر چیز میں مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہاں کے لوگوں کا طرز عمل اتنا عجیب ہے۔ ان کی سوچ مجھ سے بالکل مختلف ہے۔
سبین: میرا تو خیال تھا کہ آپ ٹھیک ٹھاک ہیں۔
عمانیئل: کچھ ہفتے پہلے میں کافی بہتر تھا۔ تب مجھے احساس نہیں تھا کہ زندگی کتنی بدل چکی ہے۔ ہم بہت کچھ کھو چکے ہیں: رشتہ دار، دوست، روایات اور زبان۔
جب انسان نئے ملکوں میں منتقل ہوتے ہیں تو ان پر اثر پڑتا ہے۔ لوگ اکثر اس تین مراحل پر مشتمل عمل سے گزرتے ہیں جسے ہم نفسیاتی ترک وطن کہتے ہیں۔ یہ مختلف انسانوں کے لیے مختلف ہے کہ ان کے لیے یہ مراحل کتنا عرصہ چلتے ہیں۔
مرحلہ 1
شروع کے عرصے میں خوش اور پرامید محسوس کرنا عام ہے۔ انسان بہت مصروف ہوتا ہے۔ بہت کچھ کرنا ہوتا ہے اور سب کچھ نیا ہونے کی وجہ سے دلچسپ لگتا ہے۔ غالباً انسان خود کو ملنے والے نئے مواقع کے متعلق زیادہ سوچتا ہے اور ان چیزوں کے بارے میں اتنا نہیں سوچتا جنہیں وہ چھوڑ آيا ہوتا ہے اور جنہیں کھو چکا ہوتا ہے۔
مرحلہ 2
کچھ دنوں، ہفتوں یا مہینوں بعد اکثر لوگوں کو محسوس ہو گا کہ نئے ملک میں زندگی مشکل ہے۔ انسان ایکدم ملک چھوڑنے کے نتائج سمجھنا شروع کر دیتا ہے۔ نئے ملک میں ہر چیز اجنبی ہونے کی وجہ سے انسان بے یقینی کا شکار ہو سکتا ہے۔ انسان اس وجہ سے تھکن اور بیزاری محسوس کرتا ہے کہ کچھ بھی ویسا نہیں ہے جس کا وہ عادی تھا اور اسے اپنی پچھلی مانوس زندگی کی بہت کمی محسوس ہوتی ہے۔
مرحلہ 3
کچھ عرصے بعد زیادہ تر لوگوں کو زندگی پھر سے آسان لگنے لگتی ہے۔ انسان زیادہ چیزیں سمجھنے لگتا ہے، نئے ملک کی زبان کے حوالے سے بھی اور نظام کے حوالے سے بھی۔ مستقبل زیادہ روشن نظر آتا ہے۔ انسان ملک چھوڑنے کو قبول کر چکا ہوتا ہے۔ آہستہ آہستہ انسان نئے ملک میں زندگی کے اچھے پہلوؤں اور اس ملک کی اقدار کو اپنانے کے قابل ہو جاتا ہے۔ جب ان چیزوں کا ملاپ اس کی اپنے وطن سے لائی ہوئی اقدار اور خیالات سے ہوتا ہے تو انسان نئے معاشرے میں اپنا مقام ڈھونڈ لیتا ہے۔
آپس میں بات کریں
- عمانئیل اور سبین کی صورتحال کیسی ہے؟ کیا آپ کو ان کی باتوں میں اپنی زندگی کی کچھ جھلکیاں نظر آ رہی ہیں؟
- عمانیئل کہتا ہے کہ وہ بہت کچھ کھو چکا ہے۔ اس کی صحت کے لیے اس کا کیا مطلب ہو سکتا ہے؟
- کیا اپنی مرضی کے بغیر کسی نئے ملک میں منتقل ہونے والے شخص کو یہ مراحل اپنی مرضی سے منتقل ہونے والے شخص کی نسبت مختلف لگیں گے؟
- اگر ایک خاندان کے افراد مختلف وقتوں میں مختلف مراحل میں ہوں تو خاندان کی زندگی کیسی ہو گی؟
درست جواب چنیں
نفسیاتی ترک وطن کے عمل کے کتنے مراحل ہیں؟
درست جواب چنیں
کونسے مرحلے کے خاص پہلو یہ ہیں:
- نئے ملک میں زندگی مشکل لگتی ہے
- انسان ملک چھوڑنے کے نتائج سمجھنے لگتا ہے
- انسان اپنی پچھلی زندگی کی کمی محسوس کرتا ہے
درست جواب چنیں
مختلف مراحل کتنا عرصہ چلتے ہیں؟
جملہ مکمل کریں
جب انسان نئے ملک میں زندگی کے اچھے پہلوؤں اور اس ملک کی اقدار کو اپنانے کے قابل ہو جاتا ہے اور ان کا ملاپ اپنے پچھلے ملک سے لائی ہوئی اقدار اور خیالات سے کرتا ہے تو ۔۔۔
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں۔
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟