پرائمری اور ہائی سکول
پرائمری اور ہائی سکول
ناروے میں پرائمری اور ہائی سکول کے بارے میں حقائق:
- ناروے میں سب بچوں کو 13 سال کی تعلیم کا حق حاصل ہے۔ پرائمری اور ہائی سکول کی کل مدت 10 سال ہے۔
- پرائمری اور ہائی سکول کی تعلیم لازمی اور مفت ہے۔
- جس سال میں بچے چھ سال کے ہوں، وہ اس سال کے اگست میں سکول شروع کرتے ہیں۔
- سکول کا پرائمری درجہ جماعت 1 سے 7 تک ہوتا ہے اور ہائی سکول کا درجہ جماعت 8 سے 10 تک ہوتا ہے۔
- پرائمری درجے کے طالبعلموں کو زبانی یا تحریری اسیسمنٹ (کارکردگی پر رائے) ملتی ہے لیکن گریڈز نہیں دیے جاتے۔
- ہائی سکول کے طالبعلموں کو گریڈز ملتے ہیں۔ گریڈز سکیل 1 تا 6 ہے جس میں بہترین گریڈ 6 ہے۔
- ہائی سکول میں طالبعلموں کو ڈسپلن اور طرزعمل کے گریڈز بھی ملتے ہیں۔ یہ تین گریڈز ہیں: اچھا، تسلّی بخش اور غیر تسلّی بخش۔
- پرائمری اور ہائی سکول کے سب طالبعلموں کو گرمیوں کی تعطیلات کے بعد خود بخود اگلی جماعت میں ترقی مل جاتی ہے۔ کوئی بچہ دو سال ایک ہی جماعت میں نہیں رہتا۔
- طالبعلم یونیفارم نہیں پہنتے۔
- ناروے میں بدنی سزا ممنوع ہے، سکول میں بھی اور گھر میں بھی۔
- کچھ تعلیم سکول کی عمارت سے باہر دی جاتی ہے۔ اس کی مثالیں دورے، کیمپ سکول، تیراکی کی تربیت اور میوزیم کی سیر ہیں۔
- ناروے میں اکثر بچے سرکاری سکولوں میں پڑھتے ہیں لیکن 5 فیصد سے کم بچے پرائیویٹ پرائمری اور ہائی سکولوں میں پڑھتے ہیں۔ پرائیویٹ تعلیم کے لیے والدین فیس ادا کرتے ہیں۔
- پرائمری اور ہائی سکول کے مضامین یہ ہیں: ریاضی، نارویجن، انگلش، غیرملکی زبانیں، نیچرل سائنسز، معاشرتی علوم، فزیکل ایجوکیشن، عیسائیت و دیگر مذاہب و نظریات حیات، فنون اور دستکاریاں، میوزک، غذا و صحت اور اختیاری مضامین۔
پرائمری اور ہائی سکول کا نظام پورے ملک میں ایک جیسا ہے اور سب طالبعلموں کو ایک ہی نصاب کے تحت پڑھایا جاتا ہے۔ نارویجن پارلیمنٹ میں سیاستدان ان نصابوں کو منظور کرتے ہیں۔ اس طرح طالبعلموں کو بہت حد تک ایک جیسی تعلیم ملتی ہے چاہے وہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہتے ہوں۔
بارنے ہاگے کی طرح نارویجن سکول کی مشن سٹیٹمنٹ میں بھی یہ ذکر ہے کہ سکول کی بنیاد عیسائیت کی بنیادی اقدار اور مسلکˏ انسانیت کے ورثے اور روایت پر ہو گی جیسے قدرˏ انسانیت اور فطرت کا احترام۔ سکول کی بنیاد آزادئ فکر، انسان دوستی، عفو، برابر قدر اور اتحاد پر بھی ہو گی۔
ناروے میں سکول کے طالبعلم بہت سا کام گروپوں میں کرتے ہیں اور انہیں اکثر پراجیکٹ ورک کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح بچے دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنا اور ایک دوسرے کا لحاظ کرنا سیکھتے ہیں۔
نارویجن پرائمری اور ہائی سکول میں سب بچوں کو تعلیم کا برابر حق حاصل ہے۔ جن طالبعلموں کو زیادہ مدد کی ضرورت ہو، انہیں یہ مدد ملے گی۔ رہائشی علاقے، خاندانی پس منظر یا صنف کی وجہ سے طالبعلموں میں امتیاز نہیں کیا جائے گا۔ ناروے میں سپیشل سکول بہت کم ہیں۔ اکثر بچوں کو ان کے اپنے علاقے کے سکول میں ہی وہ مدد مل جاتی ہے جس کی انہیں ضرورت ہو۔
آپس میں بات کریں
- ناروے میں سکول کا نظام اس سکول کے نظام سے کس طرح ملتا جلتا یا مختلف ہے جس سے آپ پہلے سے واقف ہیں؟
- سکول کی مشن سٹیٹمنٹ میں بتائی گئی اقدار کے بارے میں آپ کے خیالات کیا ہیں؟
- سکول میں گریڈز کے معاملے پر بات چیت کریں۔
- سکول میں یونیفارم کے استعمال پر بات چیت کریں۔
درست جواب چنیں
بچے کس عمر میں سکول شروع کرتے ہیں؟
درست جواب چنیں
ناروے میں کتنے فیصد بچے پرائیویٹ سکولوں میں پڑھتے ہیں؟
درست جواب چنیں
ہائی سکول میں طالبعلموں کو ڈسپلن اور طرزعمل کے گریڈز ملتے ہیں۔ یہ گریڈز کیا ہیں؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟