سماجی میدان
سماجی میدان
سماجی میدانوں سے مراد وہ جگہیں ہیں جہاں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کی خاطر اکٹھے ہوتے ہیں۔ لوگ اکثر اپنی زںدگیوں میں مختلف سماجی میدان رکھتے ہیں۔ ہمارا خاندان یعنی قریبی خاندان بھی اور دوسرے رشتہ دار بھی ہمارا سماجی میدان ہو سکتے ہیں۔ سکول اور کام کے ادارے بہت سے لوگوں کے لیے اہم سماجی میدان ہیں۔ بہت سے لوگ فرصت کے وقت میں دوستوں سے ملتے ہیں۔ لوگ کسی کیفے وغیرہ میں مل سکتے ہیں یا ایک دوسرے کے گھر پر مل سکتے ہیں۔ کئی بڑے فرصت کے وقت میں مختلف کورس کرتے ہیں یا مختصر تعلیم کے ذریعے اپنی کوالیفیکیشن بڑھاتے ہیں۔ کچھ لوگ کوائر میں گاتے ہیں یا ساز بجاتے ہیں جبکہ کچھ لوگ مختلف تنظیموں میں شامل ہوتے ہیں۔ یہ بھی سماجی میدان ہیں۔
فرصت کی منظّم سرگرمیاں
بہت سے بچے فرصت کی مختلف منظّم سرگرمیوں میں شامل ہوتے ہیں۔ ممکن ہے وہ کسی سپورٹس کلب میں ہوں یا بینڈ میں ساز بجاتے ہوں۔ کچھ بچے سکاؤٹس یا گرل گائیڈز ہوتے ہیں تو کچھ فوٹوگرافی گروپ میں شامل ہوتے ہیں۔ ان میں سے بہت سی سرگرمیوں کے لیے والدین کام کرتے ہیں۔ شاید کسی بچے کی ماں ہینڈبال ٹیم کی کوچ ہو؟ شاید والدین باری باری اپنی گاڑی میں بچوں کو مختلف سرگرمیوں میں لاتے اور لے جاتے ہوں؟ یہ ناروے میں نئے آنے والوں یا کسی نئی جگہ پر آ کر بسنے والوں کے لیے اپنے علاقے کے لوگوں سے واقفیت حاصل کرنے کا عمدہ طریقہ ہو سکتا ہے۔
رضاکارانہ کام
رضاکارانہ کام سے مراد وہ کام ہے جس کے لیے انسان عام طریقے سے ملازم نہ ہو۔ اس کام کی تنخواہ نہیں ملتی۔ رضاکارانہ کام مختصر عرصے کے لیے ہوتے ہیں - کسی رضاکار کا کام کل وقتی نہیں ہوتا! رضاکار بالعموم معاشرتی فائدے کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے لیے کام کرتے ہیں۔ ایسی تنظیموں کی مثالیں ریڈ کراس، سپورٹس کلب، ثقافتی پروگرام وغیرہ ہیں۔
سکینڈے نیویا کے ممالک میں بہت سے لوگ رضاکار تنظیموں میں کام کرتے ہیں۔ اس طرح لوگ نئی چیزیں سیکھتے ہیں اور نئے دوست بناتے ہیں۔ ان میں سے بہت سی تنظیمیں ایک طرح سے جمہوریت کی تربیت بھی دیتی ہیں۔ تنظیموں کے ارکان کو جمہوریت کے اصولوں کا تجربہ حاصل ہوتا ہے جیسے میٹنگوں میں شرکت، انتخابات اور ووٹنگ۔ کئی رضاکار تنظیمیں اپنے مقامی معاشرے میں اور قومی سطح پر سیاسی عمل پر بھی اثرانداز ہوتی ہیں۔
کسی ایک یا کئی رضاکار تنظیموں میں کام کرنے سے لوگوں کو اپنے علاقے میں رہنے والوں سے واقفیت میسّر آئے گی اور وہ اپنے مقامی معاشرے سے وابستگی محسوس کریں گے۔ ان کا نیٹ ورک بڑھے گا جس سے انہیں ملازمت، تعلیم اور روزمرّہ زندگی میں اچھے نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
لوگوں سے واسطہ
تمام معاشروں میں بہت سے تحریری قوانین اور اصول ہوتے ہیں۔ ایسے بھی بہت سے اصول ہیں جن سے سب لوگ واقف ہوتے ہیں لیکن جو کہیں لکھے نہیں ہوتے۔ یہ اصول مختلف تہذیبوں میں مختلف ہوتے ہیں۔ ایک مثال یہ ہے کہ ہم لوگوں سے ملتے ہوئے کیسے سلام دعا کرتے ہیں۔ ناروے میں ہاتھ ملانا عام ہے اور مرد اور عورتیں دونوں ہاتھ ملاتے ہیں۔ کسی سے رخصت ہوتے ہوئے ہاتھ ملانا بھی عام ہے۔ دوست اکثر ایک دوسرے کو "ہائے" کہتے ہیں، گلے ملتے ہیں یا ایک دوسرے کے کندھے پر ہاتھ مارتے ہیں۔ ملتے ہوئے سب سے پہلے عام طور پر یہ کہا جاتا ہے: "ہائے، کیا حال ہے؟" اس کا جواب عام طور پر یہ ہوتا ہے: "شکریہ، بالکل ٹھیک۔ اور آپ کا کیا حال ہے؟"
تارک وطن: کیا آپ کسی روز میرے گھر آئیں گے؟
نارویجن: ضرور، مجھے اچھا لگے گا۔
ایک مہینے بعد:
تارک وطن: آپ میرے گھر کیوں نہیں آئے؟
نارویجن: آپ نے مجھے دعوت ہی نہیں دی۔
یہاں کیا ہوا ہے؟ ناروے میں لوگوں کو ایک مخصوص دن اور وقت بتا کر آنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ نارویجن لوگ بالعموم پہلے سے تفصیلات طے کیے بغیر دوستوں کے گھر نہیں جاتے۔
آپس میں بات کریں
- کیا یہ اہم ہے کہ والدین اپنے بچوں کے لیے فرصت کی منظّم سرگرمیوں میں شامل ہونے کا انتظام کریں؟ یہ کیوں اہم ہے یا کیوں اہم نہیں ہے؟
- کیا آپ اپنے رہائشی علاقے میں کچھ رضاکار تنظیموں سے واقف ہیں؟
- اس قول پر بات چیت کریں: "ناروے رضاکاروں کے بغیر نہیں چل سکتا"۔
- رضاکار کے طور پر کام کرنے کے مثبت پہلو کیا ہیں؟
- ان غیر تحریری اصولوں کی مثالیں بتائیں جن سے آپ پہلے ہی واقف ہیں۔
- ناروے میں غیر تحریری اصولوں کی مثالیں بتائیں۔
- مختلف تہذیبوں میں یہ بہت مختلف ہے کہ لوگ مہمانوں کی آمد، کسی کے گھر رات گزارنے، میزبان سے توقعات، مہمان کے قیام کی مدت وغیرہ کے بارے میں کیا خیالات رکھتے ہیں۔ ان مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات چیت کریں۔
درست جواب چنیں
سماجی میدانوں سے کیا مراد ہے؟
درست جواب چنیں
رضاکارانہ کام سے کیا مراد ہے؟
درست جواب چنیں
ناروے میں کسی سے پہلی بار ملتے ہوئے سلام دعا کا عام طریقہ کیا ہے؟
درست جواب چنیں
رضاکار کے طور پر کام کرنے سے کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟
درست یا غلط ہونے کی نشاندہی کریں
یہ بیانات پڑھیں۔ کیا درست ہے؟ کیا غلط ہے؟